ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کلبرگی قتل کیس:گوا ، کرناٹک اور مہاراشٹر حکومت کو چار ہفتوں میں حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت

کلبرگی قتل کیس:گوا ، کرناٹک اور مہاراشٹر حکومت کو چار ہفتوں میں حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت

Fri, 23 Mar 2018 23:30:51    S.O. News Service

نئی دہلی ،23؍ مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)معروف کنڑ اسکالر ایم ایم کلبرگی کے قتل کے معاملہ میں سپریم کورٹ میں جمعہ کو سماعت ہوئی ۔ عدالت نے اس معاملہ میں کرناٹک ، گوا اور مہاراشٹر کو چار ہفتوں میں حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ مرکزی حکومت نے عدالت سے کہا ہے کہ وہ قتل کے معاملہ کی جانچ قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے ) سے کرانے کی خواہشمند نہیں ہے کیونکہ یہ معاملہ این آئی اے ایکٹ کے تحت نہیں آتا ہے۔در اصل دہشت گردانہ حملے ، دہشت گردوں کیلئے فنڈنگ اور اس طرح کے دیگر دہشت گردی سے وابستہ جرائم کی جانچ کیلئے این آئی اے کی تشکیل کی گئی ہے جبکہ سی بی آئی دہشت گردی کے معاملات کو چھوڑ کر بدعنوانی ، اقتصادی جرائم اور منظم جرائم کی جانچ کرتی ہے۔خیال رہے کہ 30 اگست 2015 کو معروف کنڑ دانشور ایم ایم کلبرگی کا ان کی مقامی رہائش گاہ پر قتل کردیا گیا تھا ۔ دو نامعلوم افراد نے گولی مار کر ان کا قتل کردیا تھا۔ کلبرگی ہمپی کنڑ یونیورسٹی کے وائس چانسلر بھی رہ چکے ہیں ۔ وہ مورتی پوجا سمیت مختلف معاملات پر اپنے بے باک بیانات کیلئے بھی جانے جاتے ہیں اور ان کی وجہ سے وہ اکثر تنازع کا بھی شکار رہتے تھے۔کلبرگی کی اہلیہ نے مرکزی جانچ ایجنسیوں پر لاپروائی برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا ۔ ان کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے عدالت عظمی نے اس قتل کیس کی جانچ عدالت کی نگرانی میں کرائے جانے کو لے کر مرکزی حکومت سے جواب طلب کیا تھا ۔


Share: